حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، لبنان کی عوامی تحریک حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے خطے اور ملک کی تازہ ترین صورت حال کے بارے میں اپنے خطاب میں صیہونی حکومت کی جانب سے لبنان میں گزشتہ دو دنوں کے دوران دہشت گردانہ کاروائیوں اور سائبر دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا: صہیونی دشمن نے پیغام رسانی کے ہزاروں آلات کو نشانہ بنایا اور تمام جنگی اصولوں اور ریڈلائنز کو عبور کیا جس کا خمیازہ اسے بھگتنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا: کچھ دھماکے اسپتالوں، بازاروں، سڑکوں، گھروں اور ایسے مقامات پر ہوئے جہاں عام شہری تھے۔ جن میں درجنوں افراد شہید اور ہزاروں افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں بچے بھی شامل تھے۔
سید حسن نصر اللہ نے صیہونی دشمن کے خلاف جنگ میں متعدد مزاحمتی فورسز کے مجاہدوں کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا: میں سب سے پہلے لبنان کی حکومت، طبی مراکز، اسپتالوں اور ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنہوں نے کثیر تعداد میں زخمیوں کے علاج معالجے میں نہایت تندہی سے کام کیا اور دوسری طرف اس دوران ہم نے لبنان کی تاریخ میں خون کے عطیات کے سب سے بڑے کارنامے کو بھی مشاہدہ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ تحریک حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے خاص طور پر ایران اور عراق سمیت ان ممالک کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے لبنان کو اپنی امداد بھیجی اور مشکل حالات میں طبی امداد سمیت مختلف امور میں تعاون کیا۔